178

خالی جیب بھی کتنی بھاری ہوتی ہے

غزل
سیدھا چلنے میں دشواری ہوتی ہے
خالی جیب بھی کتنی بھاری ہوتی ہے
مجھے بتایا باغ میں بادِ صرصر نے
صحرا میں بھی بادِ بہاری ہوتی ہے
میں وحشت میں پھول مسلنے لگتا ہوں
مجھ پرجب وُہ خوشبو طاری ہوتی ہے
مجھ کو آپ عزاخانہ کہہ سکتے ہیں
جتنی مجھ میں گریہ وزاری ہوتی ہے
سب سے پہلے وہی نشانہ بنتے ہیں
جن ہرنوں کی آنکھ شکاری ہوتی ہے
یہ مصرعہ تو ملا ہے مجھ کو ورثے میں
سب سے بڑی دولت خودداری ہوتی ہے
دیوانہ ارمانؔ میں اُن کو مانتا ہوں
جن کی سندصحرا سے جاری ہوتی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں