250

اب مجھ پہ ہیں طاری وہ خدوخال زیادہ

جتنا میں سخن میں ہوا خوشحال زیادہ
ہوتے گئے اتنے مرے نقّال زیادہ

پانی کے کناروں پہ اگی بھوک پکاری
دریا میں ہیں اب مچھلیاں کم جال زیادہ

ہم تیری محبت کے مضافات میں خوش ہیں
ہیں زندگیءِشہر میں جنجال زیادہ

درویش بھی لگتا ہے دکھاوے پہ اُتر آئے
لگتی ہے مجھے حال سے دھمّال زیادہ

اس حضرتِ انسان سے اللہ بچائے
سنتے تھے کہ پستی میں ہے پاتال زیادہ

ہو سکتا ہے بازی کو پلٹ دیتے پیادے
مل جاتی اگر ان کو بس اک چال زیادہ

یہ تتلیاں یونہیں تو نہیں بیٹھتیں تجھ پر
لگتے ہیں انھیں پھول ترے گال زیادہ

دم گھٹتا ہےاک خواہشِ کمبخت کا مجھ میں
تم کھینچ کے باندھا نہ کرو بال زیادہ

ہیں ہجرمیں اس جسم کی رنگینیاں کچھ اور
اب مجھ پہ ہیں طاری وہ خدوخال زیادہ

ارمان زمینیں کبھی بنجر نہیں ہوتیں
شاعر ہیں میرے عہد کے پامال زیادہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں